بھٹکل 9 جنوری (ایس او نیوز) سیر و تفریح کے لئے مشہور مرڈیشور بیچ پر باکڑا نصب کرنے کو لے کر دو گروپوں کے درمیان تکرار اتنی بڑھ گئی کہ نوبت ہاتھاپائی تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ واردات جمعہ کی شب کو پیش آئی۔
بتایا گیا ہے کہ سمندر کنارے باکڑا لگانے کو لے کر ماہی گیروں نے اعتراض جتایا جس پر دکانداروں اور ماہی گیروں کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی، پہلے لفظی جھڑپیں ہوئی، پھر معاملہ ہاتھاپائی تک پہنچ گیا۔
واردات میں زخمی ہونے والے کی شناخت باکڑا اسوسی ایشن کے نائب صدر وینکٹیش ائیریّا ہری کانت کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شام کو جب ماہی گیر مچھلیوں کا شکار کرنے کے بعد واپس مرڈیشور سمندر کنارے پہنچے تو چند ماہی گیروں نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ اُن کی کشتی رکھنے والی جگہ پر باکڑا لگایا گیا ہے، اس موقع پر ناراض ماہی گیروں نے متعلقہ باکڑا کو وہاں سے نکال باہر کردیا، دکان کو نقصان پہنچانے پر باکڑا دکان والے ناراض ہوگئے، جس کو لے کر دو گروپوں میں لفظی جھڑپ شروع ہوگئی، جو ہاتھاپائی میں تبدیل ہوگئی۔
وینکٹیش ہری کانت نے اس تعلق سے سنیچر کو مرڈیشور پولس تھانہ میں شکایت درج کراتے ہوئے چار لوگوں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ انپّا ہری کانت، گنیش ہری کانت، وینکٹیش ہری کانت اور کمار ہری کانت نے اس پر حملہ کیا تھا۔ جواب میں ملزمین کی طرف سے گنیش ہری کانت کی اہلیہ سرسوتی ہری کانت نے بھی وینکٹیش کے خلاف مرڈیشور تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں دونوں طرف سے معاملات درج کئے جانے کے بعد اب پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔